چین سے مزید 50 کروڑ ڈالر کے حصول کیلئے دستاویزی کارروائی مکمل ہو گئی: اسحاق ڈار

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چین سے مزید 50 کروڑ ڈالر کے حصول کیلئے دستاویزی کارروائی مکمل کر لی۔

نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ چینی فنڈز جلد سٹیٹ بینک آف پاکستان کو جاری کر دیئے جائیں گے۔ آئی ایم ایف سے متعلق  وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارہ معمول سے ہٹ کر پاکستان سے معاہدے کیلئے انتہائی سخت شرائط رکھ رہا ہے، قوم سے اس حوالے سے کوئی چیز نہیں چھپا رہے۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ چند دوست ممالک نے پاکستان کو سپورٹ کرنے کے وعدے کیے تھے، اب آئی ایم ایف کہہ رہا ہے کہ وہ ان وعدوں کو مکمل کریں اور صرف یہی تاخیر کی وجہ ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر حکومت کی طرف سے نہیں ہے، اس بار بات چیت بہت غیرمعمولی رہی، بہت زیادہ مطالبات سامنے رکھے گئے، ہم نے اپنی طرف سے ہر چیز مکمل کر لی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں