خاتون اینکر عاصمہ شیرازی کا کہنا ہے کہ پشاور کے ایک صحافی کے مطابق زمان پارک کے اندر کالعدم تنظیموں کے افراد موجود ہیں۔
اپنے ایک وی لاگ میں عاصمہ شیرازی نے کہا کہ عمران خان کے گھر کے اندر سے پٹرول بم پھینکے جا رہے ہیں، اس کی کوئی تردید نہیں ہو رہی بلکہ اس کی تصدیق ہوئی ہے، سوال یہ ہے کہ پٹرول بم اندر کیسے گئے؟ باہر جو لوگ ہیں اور مزاحمت کر رہے ہیں، پشاور سے تعلق رکھنے والے صحافی عقیل یوسفزئی نے ٹویٹ کیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے لوگ وہاں پر موجود ہیں، یہ بہت ہی قابل تشویش بات ہے، اس کی انویسٹی گیشن کرنے کی ضرورت ہے کہ اندر کون لوگ موجود ہیں اور اندر چیزیں کیسے گئیں؟
انہوں نے کہا کہ وفاقی پولیس گرفتار کرنے جا رہی ہے، گلگت کی پولیس ان کو روک رہی ہے، گلگت کی پولیس نے نہ صرف ان کو روکا بلکہ بندوق تان لی، اس کا مطلب بنتا ہے کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا گیا ہے، آئی جی نے کس کی ہدایت پر پولیس کو اس طرح کے احکامات دیے؟ اگر یہی کچھ کسی اور جماعت نے کیا ہوتا، ان کے گھروں سے پٹرول بم باہر گر رہے ہوتے اور غلیل سے حملے ہو رہے ہوتے، تو پھر پی ٹی آئی کس قسم کی مہم چلاتی؟