اسلام آباد میں چیتے کا شہریوں پر حملےکے معاملے میں نئی پیش رفت آگئی

چیتا کسی نامعلوم شخص نے گھر میں پالا ہوا تھا،ملزم نے خطرناک جانور رکھ کر شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالا،اسلام آباد پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا

اسلام آباد ( 17 فروری 2023ء) گذشتہ روز دن کے وقت ڈی ایچ اے فیز ٹو کے علاقے میں چیتا گھس آیا تھا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔چیتے کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں تھیں۔ترجمان ریسکیو نے بتایا تھا کہ چیتا مختلف گھروں سے چھلانگیں لگا کر ایک گھنٹے سے زیر تعمیر گھر میں چھپ گیا تھا۔اسلام آباد کے پوش علاقے ڈی ایچ اے فیز ٹو کے گھر میں داخل ہونے والا چیتا پکڑا گیا۔ذرائع کے مطابق وائلڈ لائف کی ٹیموں نے مسلسل 6 گھنٹے کی محنت کے بعد چیتے کو پکڑا۔ اسلام آباد کے پوش علاقے میں چیتے کے شہریوں پر حملے کے معاملے میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق وقوعہ کا مقدمہ تھانہ سہالہ میں درج کرلیا گیا۔

مقدمہ نامعلوم ملزم کے خلاف دفعہ 324/289 ت پ کے تحت درج کیا گیا۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق چیتا کسی نامعلوم شخص نے گھر میں پالا ہوا تھا۔ملزم نے خطرناک جانور رکھ کر شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالا۔ ملزم کی تلاش جاری ہے، جلد گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ دو ماہ قبل بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مارگلہ کے پہاڑوں میں محکمہ جنگلی حیات کے حکام کو ایک تیندوے کی لاش ملی تھی۔اسلام آباد کے وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ایک مختصر بیان کے مطابق تیندوا مارگلہ ہلز کے علاقے سنہیاری میں مردہ حالت میں پایا گیا. بورڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق تیندوے کی موت بلندی سے گرنے کے باعث ہوئی ،بلندی سے گرنے کے باعث چوٹ تیندوے کے سر پر لگی۔وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی سربراہ رینا ایس خان نے بتایا کہ یہ ٹائیگر نہیں ایک عام چیتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں