ممبئی( آن لائن )بھارتی ٹی وی چینل کی جانب سے کیئے جانے والے سٹنگ آپریشن نے بھارتی کرکٹ ٹیم اور کرکٹ بورڈ کو بڑی مشکل میں ڈال دیاہے ، جس میں چیف سلیکٹر نے انکشاف کیا کہ کھلاڑی ٹیم میں واپسی کو تیز کرنے اور فٹنس کیلئے انجیکشن لگواتے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق اس سٹنگ آپریشن کی ویڈیو کے باہر آتے ہی ہنگامہ برپا ہو گیا اور چیتن شرما پر استعفے کیلئے شدید دباﺅ تھا ،تاہم اب انہوں نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے ۔چیتن شرما نے مبینہ طور پر اپنی ویڈیو میں یہ بھی کہا تھا کہ فٹنس کیلئے لگائے جانے والے انجیکشن ڈوپ ٹیسٹ میں بھی پکڑے نہیں جا سکتے ۔
چیتن شرما نے استعفیٰ سیکرٹری بی سی سی آئی جے شاہ کو بھجوایا جس پر انہوں نے استعفیٰ فوری منظور کرلیا۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ چیتن شرما کے انکشافات کے بعد روہت شرما اور ہاردک پانڈیا بہت غصے میں تھے۔
چیتن شرما 23 ٹیسٹ میچوں، 65 ون ڈے میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں اور انہوں نے اپنے کیریئر میں 128 وکٹیں بھی حاصل کیں۔انہوں نے سٹنگ آپریشن میں سامنے آنے والی ویڈیو میں ویرات کوہلی، روہت شرما، ہاردک پانڈیا اور سابق بھارتی کپتان سمیت متعدد افراد پر سنگین الزامات کی بارش کی ۔