مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 3 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے، اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ تینوں نوجوانوں نے فوجی چوکی پر حملہ کیا تھا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مغربی کنارے میں نابلس کے قریب ایک چوکی میں چار مسلح نوجوانوں نے حملہ کردیا جس کے جواب میں کی گئی فائرنگ میں تینوں نوجوان ہلاک ہوگئے جبکہ ایک مسلح نوجوان نے گرفتاری دیدی جس سے ایک پستول تحویل میں لے لیا گیا جب کہ ہلاک ہونے والے نوجوانوں سے تین ایم-16 رائفلیں برآمد ہوئیں۔
واضح رہےکہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے آج مزید 3 فلسطینی نوجوانوں کی شہادت کے بعد ایک ہفتے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 13 ہوگئی