یوکرین کے ایک فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ مشرقی یوکرین کے شہر باخموت کی لڑائی کے دوران حالیہ 24 گھنٹوں کے دوران 500 سے زیادہ روسی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے۔ ماسکو کی حامی افواج مشرقی ڈونباس کے علاقے باخموت پر قبضے کے لیے مہینوں سے لڑ رہی ہیں۔ دونوں فریق بھاری نقصانات کا اعتراف کرتے ہیں لیکن درست تعداد کی تصدیق کرنا مشکل ہے۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق مشرق میں فورسز کے ایک فوجی ترجمان سرہی چیریواتی نے کہا کہ روسیوں نے 24 گھنٹے کے دوران 16 حملے کیے، جن میں باخموت میں 23 جھڑپیں ہوئیں۔ انہوں نے قومی پارلیمان کے ٹیلی ویژن چینل کو بتایا کہ ‘لڑائی کے دوران 221 دشمن مارے گئے اور 314 زخمی ہوئے۔’
چیریوتی کےبیان سے یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا وہ جمعہ کو ہونے والی ہلاکتوں کا حوالہ دے رہے تھے یا ہفتے کو ہونے والے 24 گھنٹوں کی بات کر رہے تھے۔ خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ وہ فوری طور پر ان دعووں کی تصدیق نہیں کرسکی۔