غریب آباد فرنیچر مارکیٹ میں آتشزدگی سے 45دکانیں جل گئیں

گزشتہ شب کراچی لیاقت آباد کے قریب غریب آباد فرنیچر مارکیٹ میں لگنے والی آگ نے درجنوں دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔ کچھ ہی وقت میں آگ پر کامیابی سے قابو پالیا گیا۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ آگ نے 45دکانوں اور 2 گاڑیوں کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔

دکانوں سے سامان نکالنے کے دوران 2 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچنے میں دیر کردی جس کی وجہ سے گودام میں لگنے والی آگ سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔

دوسری جانب فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ گودام میں کولنگ جاری ہے۔ آگ سے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ فرنیچر مارکیٹ کے اطراف کے اپارٹمنٹس کے رہائشی آگ لگنے کے باعث گھروں سے نکل آئے۔ واقعے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں