ملک کے نامور صحافیوں کی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے حسان خان نیازی کی بازیابی کی اپیل

 ملک کے نامور صحافیوں نے حسان خان نیازی اور دیگر افراد کے خلاف جبری گمشدگی اور انسانی حقوق کی دیگر سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے فوری اپیل کردی، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے نام خط میں انہوں نے لکھا کہ وہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں، سیاسی مبصرین اور سب سے بڑھ کر پاکستان بھر کے متعلقہ شہریوں کا ایک گروپ ہیں جو ملک میں آئین ،جمہوریت اور قانو ن کی حکمرانی کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں۔

سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی،حامد میر،رؤف کلاسرا،ہارون الرشید،کامران خان، محمد نوشاد علی سمیت دیگر کی جانب سے لکھے گئے خط میں ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ  چیف جسٹس ﮐﯽ توجہ آئین کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف دلانا چاہتے ہیں۔خبروں کے مطابق پولیس نے حسان خان نیاز کو 13اگست 2023 کو 9اور 10مئی کو ہونے والے تشدد کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔17اگست کو ان کو فوج کی تحویل میں دے دیا گیا۔ اس کے بعد حسان خان نیازی کا پتہ نہیں چل سکا،متعلقہ حکام اہل خانہ کو ان تک رسائی کی اجازت نہیں دے رہے اور ان  کی خیریت سے متعلق بنیادی معلومات دینے سے بھی انکار کرچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں