اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کے بغیر کروایا گیا الیکشن غیرآئینی ہوگا۔چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے بغیر منصفانہ انتخابات کے حوالے سے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعظم کا بیان آئین و جمہوریت اور ملکی مفادات کے حوالے سے ریاستی ڈھانچے میں پائی جانے والی عدم حساسیت کا مظہر ہے، تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی اور وفاقی سطح پر عوام کی واحد نمائندہ سیاسی جماعت ہے، مقبولیت کے تمام معیارات کے مطابق عمران خان بلاشرکتِ غیرے ملک کے مقبول ترین سیاسی قائد ہیں۔