لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے مزید سرکاری اور پرائیوٹ نادہندہ اداروں کی فہرست جاری کردی ہے۔
ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری ہونیوالی فہرست کے مطابق نادہندہ اداروں میں لاہور ہائیکورٹ، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، پنجاب سیف سٹی اتھارٹی، پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، گنگا رام اسپتال لاہور، پنجاب سروس کمیشن اور پنجاب ایگریکلچر شامل ہیں۔ لیسکو ترجمان کے مطابق گنگا رام اسپتال 5 کروڑ 95 لاکھ 40 ہزار اور لاہور ہائیکورٹ 5 کروڑ 90 لاکھ 45 ہزار روپے سے زائد واجب الادا ہیں، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی 5 کروڑ 86 لاکھ 92 ہزار اور پنجاب سیف سٹی اتھارٹی 5 کروڑ 70 لاکھ 16 ہزار سے زائد کی نادہندہ ہے۔ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ لیڈی ایچیسن اسپتال 4 کروڑ 56 لاکھ 74 ہزار اور پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی 4 کروڑ 56 لاکھ 69 ہزار روپے سے زائد کا بجلی بل کا نادہندہ ہے، پنجاب سروس کمیشن 4 کروڑ 53 لاکھ86 ہزار اور پنجاب ایگریکلچر 9 کروڑ 77 لاکھ 72 ہزارروپے سے زائد کا نادہندہ ہے۔