کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں شرکت کےلیے قومی اسکواڈ کے بھارتی ویزوں کے اجرا کا تاحال تاخیر کا شکار ہے، بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے اب تک این او سی ہی جاری نہیں ہوا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ این او سی نہ ملنے کی وجہ سے اسکواڈ کے ویزے تاخیر کا شکار ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ 25 رُکنی اسکواڈ کے کاغذات دو ہفتے قبل بھجوائے گئے تھے، بھارتی ہائی کمیشن کو ویزا جاری کرنے کےلیے اپنی وزارت داخلہ کا این او سی درکار ہے۔
ذرائع کے مطابق پاسپورٹ ایشیا کپ سے وطن واپسی پر جمع کروائے گئے تھے، پاکستان واحد ٹیم ہے جس کو تاحال بھارتی ویزے جاری نہیں ہوئے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ آئی سی سی کی جانب سے یہ ایک ہی جواب بار بار دیا جارہا ہے کہ ویزوں پر کام جاری ہے، جلد جاری ہوجائیں گے۔