شہریوں کا کالز ریکارڈ ذاتی مقاصد اور پیسوں کیلئے نکلوائے جانے پر حکام بالا کی بھی آنکھ کھل گئی، تحقیقات شروع

 پولیس کی جانب سے شہریوں کی موبائل کالز کا ریکارڈ ذاتی مقاصد اور پیسوں کے لیے نکلوانے کا انکشاف ہوا ہے لیکن یہ ڈیٹا کوئی پہلی بار نہیں نکلا، ایک عرصہ سے موبائل فون کمپنییاں اور مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والی ’کالی بھیڑیں‘ یہی ڈیٹا نکلوا رہی تھیں  اور   2500 روپے سے 5000 روپے تک سی ڈی آرز کی قیمت وصول کی جاتی رہی  ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہریوں کی موبائل کالز کا ریکارڈ نکلوانے کے حوالے سے انکوائری میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، جس کے مطابق پولیس اہل کار ذاتی مقاصد اور پیسوں کے عوض کال ڈیٹیل ریکارڈ (سی ڈی آرز) نکلواتے رہے  ہیں۔اہل کاروں کے پرائیویٹ افراد کی معاونت کے واقعات سامنے آنے پر انکوائری شروع کی گئی ، جس میں پتا چلا کہ اہل کاروں کی جانب سے ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی کی مناسبت سے سی ڈی آرز کے ریٹ مختص کیے گئے ۔ 2500 روپے سے 5000 روپے تک سی ڈی آرز کی قیمت وصول کی جاتی رہی  ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقدمات کی تفتیش کے علاوہ بلا ضرورت سی ڈی آرز نکالے جاتے رہے  ہیں۔ انکشافات کے بعد اس حوالے سے انکوائری شروع کردی گئی ہے کہ  2021ء سے اب تک کتنے سی ڈی آرز نکلوائے گئے  ہیں۔ 5 رکنی انکوائری کمیٹی رپورٹ مکمل کرکے ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن کو جمع کروائے گی۔واضح رہے کہ  سی ڈی آرز مقدمات کی تفتیش اور ملزمان تک پہنچنے کے لیے نکالے جاتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایس او پی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں