نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ نوازشریف جیل کی دیواریں توڑ کر نہیں بلکہ عدالت اورحکومت کی اجازت سے گئے تھے ، واپس آئیں گے تو ان کےساتھ آئین وقانون کے مطابق سلوک ہوگا۔
مرتضی سولنگی نے کراچی پریس کلب کے عہدیداران سے ملاقات کی، اس دوران صحافیوں نے اپنے مسائل سے نگراں وزیر اطلاعات کو آگاہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضی سولنگی نے کہا کہ آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں، صحافیوں کےساتھ زیادتی پرخاموش نہیں رہیں گے، ملک میں الیکشن ہوں یا نہ ہوں، کراچی پریس کلب میں انتخابات ہمیشہ ہوتے ہیں، یہاں سے سب سے زیادہ جمہوریت کے لئے آواز اٹھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی بہبود ترجیحات میں ہے، آزادی اظہار رائے کے لئے کراچی پریس کلب کا اہم کردار ہے، البتہ نگراں حکومت محدود مدت کے لئے آئی ہے مگر صحافیوں کے مسائل کیلئے جو ممکن ہوا کریں گے۔