)گیلپ پاکستان نے فروری 2023کے پہلے 20روز میں کئے گئے قومی نمائندہ سروے کے نتائج جاری کردیئے ہیں۔ عمران خان اب بھی مقبول ترین لیڈرہیں۔گیلپ سروے میں عوام کی بڑی تعداد نے ملک میں مہنگائی اورمعاشی عدم استحکام کا ذمہ دار پی ڈی ایم کو ٹھہرایا ہے، کیونکہ 62فیصد پاکستانیوں نے کہا کہ موجودہ بحران کی ذمہ دار تحریک انصاف کے بجائے پی ڈی ایم ہے۔
سروے کے مطابق اگرایماندار سیاسی ارکان اورٹیکنوکریٹس پرمشتمل کوئی نئی پارٹی بنائی جاتی تو 53فیصد لوگ اپنی موجودہ پارٹی چھوڑ کر نئی پارٹی کو ووٹ دیتے۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی مقبولیت میں خاص کمی نہیں آئی، گیلپ سروے کے مطابق 61فیصد پاکستانی ان کے بارے میں اچھی رائے رکھتے ہیں۔
دوسرے نمبر پرنواز شریف اور بلاول بھٹو مقبولیت کے پیمانے پر برابراترے۔ 36فیصد پاکستانی ان دونوں کے بارے میں اچھی رائے رکھتے ہیں،جہاں بلاول بھٹو زرداری مقبولیت میں مریم نواز سے آگے ہیں وہیں آصف زرداری مقبولیت کے گراف میں سب سے نیچے ہیں، 61فیصد پاکستانیوں کی اکثریت چاہتی ہے کہ نواز شریف واپس آئیں،سروے میں چاروں صوبوں، شہری اور شہری علاقوں کا احاطہ کرتے ہوئے تقریباً 2000لوگوں سے جوابات پوچھے گئے تھے۔