سعودی عرب کا ترکیہ کے مرکزی بینک میں 5 ارب ڈالر ڈیپازٹ کرنے کا اعلان

 سعودی عرب نے  سعودی فنڈ برائے ترقی (ایس ایف ڈی ) کے ذریعے ترکیہ  کے مرکزی بینک میں 5  ارب ڈالر جمع کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان نے کہا کہ یہ پیسے دسمبر میں جمع کرائے جائیں گے۔

العربیہ کے مطابق ترکیہ کے خالص زرمبادلہ کے ذخائر گزشتہ موسم گرما میں صرف 6 ارب  ڈالر کے قریب تھے اور یہ کم از کم 20 سالوں میں  کم ترین سطح  تھی۔  فروری کے اوائل میں ملک کے جنوبی علاقے میں آنے والے ایک بڑے زلزلے کے بعد سے ترکیہ تقریباً 8.5  ارب گنواچکا ہے۔ زلزلے میں  45 ہزار  سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے اور لاکھوں بے گھر ہو ئے۔

ترکیہ کے مرکزی بینک کے خالص بین الاقوامی ذخائر 24 فروری تک ہفتے میں 1.4 بلین ڈالر کم ہوکر 20.2  ارب ڈالر رہ گئے تھے ۔ سعودی ڈپازٹ انقرہ اور ریاض کی طرف سے تعلقات کو بہتر بنانے کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔

ترکیہ کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں حالیہ برسوں میں مارکیٹ کی مداخلت اور دسمبر 2021 میں کرنسی کے بحران کے نتیجے میں تیزی سے کمی واقع ہوئی۔ لیرا نے گزشتہ سال ڈالر کے مقابلے میں اپنی قدر کا تقریباً 30 فیصد اور 2021 میں 44 فیصد تک کھو دیا تھا۔

ایس ایف ڈی  کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ڈپازٹ کے معاہدے پر  ایس ایف ڈی کے چیئرمین احمد عقیل الخطیب، جو سعودی عرب کے وزیر سیاحت بھی ہیں، اور ترکیہ کے مرکزی بینک کے گورنر سہاپ کاوچیوگلو نے دستخط کیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں