کوئین کانسورٹ کمیلا کی تاجپوشی میں متنازعہ کوہ نور ہیرا استعمال نہیں گا

برطانیہ کے شاہی محل کے ذرائع نے کہا ہے کہ شاہ چارلس کی اہلیہ، کمیلا کے تاجپوشی میں متنازعہ ہیرا، کوہ نور نہیں استعال کیا جائے گا۔

بکنگھم پیلس کے مطابق جب 6 مئی کو کوئین کانسورٹ، کمیلا کی تاجپوشی کی جائے گی تو ان کے تاج میں کوہِ نور کی بجائے وہ تاج پہنایا جائے گا جو کوئین میری نے پہنا تھا۔

اس مقصد کے لیے کوئین میری کے تاج کو ٹاور آف لندن سے اٹھا لیا گیا تاکہ تاجپوشی سے پہلے اس میں ضروری رد وبدل کی جا سکے۔

کہا جاتا ہے کہ یہ برطانیہ کی ’حالیہ تاریخ‘ میں پہلی مرتبہ ہوگا جب ملکہ کی تاجپوشی کے لیے کسی پرانے تاج کو ’دوبارہ استعمال‘ کے قابل بنایا جائے گا۔

اس تاج میں شاہ چارلس کی والدہ، ملکہ الزبتھ دوئم کے زیورات میں سے کچھ ہیرے استعمال کیے جائیں گے۔

6 مئی کو جب شاہ چارلس کی تاجپوشی ہو گی، ان کے ساتھ کمیلا کی تاجپوشی بھی کی جائے گی۔

ان دنوں کمیلا اپنی شاہی ذمہ داریاں نہیں نبھا پا رہیں ہیں کیونکہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

یاد رہے کہ کوہِ نور دنیا کا سب سے بڑا ہیرا ہے اور اس پر انڈیا اور برطانیہ کےمابین ایک عرصے سے جھگڑا چل رہا ہے۔ برطانیہ کو خدشہ تھا کہ اگر اسے کمیلا کی تاجپوشی میں استعمال کیا جاتا ہے تو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی بحث ایک مرتبہ پھر تازہ ہو سکتی ہے۔

انڈیا کئی مرتبہ یہ دعویٰ کر چکا ہے کہ کوہ نور کا اصل حقدار وہ ہے۔

مادر ملکہ کی تاجپوشی کے وقت کوہِ نوراستعمال کیا گیا تھا، تاہم بکنگھم پیلس کے مطابق کمیلا کی تاجپوشی میں کوئین میری کا اپنا ہیرا استعمال کیا جائے گا اور اس کا دوبارہ استعمال ’وسائل کو دوبارہ قابلِ استعمال بنانے اور کفایت شعاری کے تقاضوں‘ کے مطابق ہوگا۔

کوین کانسورٹ کمیلا میں کووِڈ کی تشخیص رواں ہفتے کے دوران ہوئی ہے۔

ان کی تاجپوشی کی تقریب میں ملکہ الزبتھ دوئم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کمیلا کے لیے ملکہ کے ذاتی زیورات میں سے جو ہیرے استعمال کیے جائیں گے، انھیں کلانن سوم، چہارم اور پنجم کہا جاتا ہے۔

یہ ہیرے اس بڑے پتھر سے تراشے گئے تھے جو جنوبی افریقہ میں دریافت ہوا تھا۔

شاہ چارلس اور کمیلا کی تاجپوشی کی تقریبات ایک ہفتے تک جاری رہیں گی اور اب تک کی معلومات کے مطابق:

سنیچر 6 مئی کو ویسٹ منسٹر ایبے میں دعائیہ تقریب ہوگی، تاجپوشی کا جلوس ہوگا اور شاہ اور کوئین کانسورٹ بکنگھم پیلس کی بالکونی پر نمودار ہوں گے۔

اتوار 7 مئی کو ونڈزر کاسل میں میوزیکل کانسرٹ اور سڑکوں پر عام لوگوں کے لیے تاجپوشی کی خوشی میں بڑا کھانا ہوگا۔

پیر 8 مئی کو عام تعطیل ہوگی اور ’بِگ ہیلپ آؤٹ‘ کے عنوان سے تقریبات ہوں گی جہاں لوگوں کو رضاکارانہ خدمات میں حصہ لینے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں