خالصتان تحریک کا بڑھتا اثر ورسوخ، بھارتی پنجاب کی حکومت نے وفاق سے پیرا ملٹری فورس تعینات کرنے کا مطالبہ کردیا 

 خالصتان تحریک کے بڑھتے اثر ورسوخ اور گزشتہ ہفتے اجنالہ پولیس اسٹیشن پر امرت پال سنگھ کے حامیوں کی چڑھائی کے بعد صوبائی حکومت نے بھارتی پنجاب میں ناصرف پولیس کی سیکیورٹی بڑھادی ہے بلکہ بھارت کی مرکزی حکومت سے پیراملٹری فورس بھی مانگ لی ہے۔ عام آد می پارٹی کے وزیراعلیٰ بھگوت مان نے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ سے رابطہ کیا ہے اوران سے پنجاب کے لئے اضافی فنڈزاور پیراملٹری فورس کی 40 سے 50 کمپنیاں مانگ لی ہیں۔

دوسری طرف امرت پال سنگھ کا کہنا ہے خالصتان کا مطالبہ سکھوں کا بنیادی حق اورمذہبی عقیدہ ہے، اگرہندتوا ریاست کی بات جرم نہیں تو پھر مسلمانوں کی طرف سے جہاد اورسکھوں کی طرف سے خالصتان کے مطالبے کو جرم کیوں بنادیا گیا ہے؟خالصتان کی مانگ کوئی گناہ نہیں بلکہ سکھوں کے لئے فخرکی بات ہے، میں بی جے پی میں شامل سکھ رہنماؤں سے پوچھتا ہوں کہ اگر ہندو ریاست کے قیام کا مطالبہ غلط نہیں ہے تو پھرخالصتان کی مانگ پراعتراض کیوں ہے؟

اپنا تبصرہ بھیجیں