مہنگائی کا طوفان غریب عوام کی زندگیاں تباہ کررہاہے, نااہل حکمران ملک اور عوام پر رحم کھائیں اوراقتدار چھوڑ دیں,شہبازشریف پاکستان کی تاریخ کے نااہل ترین حکمران ثابت ہوئے ہیں ڈالر کی اڑان اور مہنگائی کاطوفان شہبازسپیڈ سے عوام کو نگل رہاہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے سابق سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی اورسابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید سے ملاقات کے دوران کیا۔دونوں ملاقاتوں میں سیاسی صورتحال ، معاشی حالات اور پارٹی امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پرچوہدری پرویزالہٰی نے بڑھتی مہنگائی اور حکومتی کارکردگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کی گورنس اورتجربہ پوری قوم کے سامنے ایکسپوز ہوچکے ہیں ،جنکو شہباز شریف کا تجریہ دیکھنے کاشوق تھا امید ہے انکی تسلی ہوگئی ہوگی ،نااہل ٹولے کو صرف اپنے اقتدار بچانے کی فکر ہے عوام کا کوئی پرسا ن حال نہیں۔ پی ڈی ایم کو ایک ہی خوف کھائے جارہاہے کہ الیکشن میں انکاسیاسی جنازہ نکل جاناہے ، ملک کو بحران سے نکالنے کا ایک ہی حل ہے کہ سیاسی استحکام کے لئے عام انتخابات کروائے جائیں ، عمران خان قوم ، ملک اورآئین کی بالادستی کی جدوجہد کررہے ہیں ۔
چوہدری پرویزالہٰی نے کہا کہ حکمران سپریم کورٹ کے فیصلے کے آگے سرخم تسلیم کریں ورنہ آئین شکنی کے مرتکب ہوں گے ، عمران خان اورتحریک انصاف کی قیادت کے خلاف جھوٹے مقدمات بھی حکمرانوں کو نہیں بچاسکیں گے ، تحریک انصاف انتخابی مہم شروع کرنے جارہی ہے عمران خان ہفتہ کے روز انتخابی مہم کے آغاز میں آئندہ لائحہ عمل کاآغاز کریں گے۔