پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) نے بھی سیلولر کمپنی ’ٹیلی نار‘ کو خریدنے کا ارادہ کر لیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ٹیلی نار کی طرف سے پاکستان میں اپنی آپریشنز اور سروسز فروخت کی جا رہی ہیں اور ابتدائی طور پر یہ بات سامنے آئی تھی کہ پی ٹی سی ایل اس کا متوقع خریدار ہے تاہم اب کمپنی کی طرف سے نیلامی کروائی جار ہی ہے۔
پی ایس او کی طرف سے بھی نیلامی کے پہلے مرحلے میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے پی ایس او کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کوٹیلی نار اور ایزی پیسہ کی خریداری کے لیے ضروری شرائط پوری کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پی ایس او کی طرف سے نیلامی میں شرکت کے لیے دستاویزات تیار کر لی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹیلی نار اور ایزی پیسہ کے آپریشنز ممکنہ طور پر 1ارب ڈالر میں فروخت ہو سکتے ہیں۔بولی میں مشرق وسطیٰ اور ایشیاءسے کئی خریداروں کے حصہ لینے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے، جن میں پی ٹی سی ایل بھی شامل ہے۔ واضح رہے کہ ٹیلی نار گروپ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ وہ ترقی پذیر ممالک میں اپنا کاروبار ختم کرکے یورپی مارکیٹ پر توجہ مرکوز کرنا چاہتا ہے۔ گروپ بھارت سمیت متعدد دیگر ممالک میں پہلے ہی اپنا کاروبار ختم کر چکا ہے۔