ڈونلڈ بلوم نے امریکی حکومت کے فنڈ سے   لاہور کے شاہی قلعے  میں تحفظ کے منصوبے کا افتتاح کردیا

لاہور ( آن لائن) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے  لاہور کے شاہی قلعے  میں امریکی حکومت کے فنڈ سے تحفظ کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔ امریکی سفیر کے فنڈ برائے ثقافتی تحفظ (اے ایف سی پی ) سے نو لاکھ 82 ہزار 500 ڈالر  قلعے کی بحالی کیلئے فراہم کیے جائیں گے۔ اس فنڈ سے سات مقامات بحال کیے جائیں گے جن میں   مشہور تصویری دیوار، لوہ مندر، سکھ مندر، زنانہ مسجد، سہدرہ پویلین، اٹھ درہ پویلین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شیش محل میں پویلین کی بحالی  اور تکنیکی کام بھی اس فنڈ سے کیا جائے گا۔

اپنے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکی مشن کو تحفظ کے لیے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور آغا خان کلچرل سروس پاکستان کے ساتھ شراکت پر فخر ہے۔ شاہی  قلعہ لاہور، پنجاب اور پاکستان کے بھرپور ثقافتی، تاریخی اور مذہبی ورثے اور تنوع کی علامت ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ 2001 میں قائم کیا گیا اے ایف سی پی   تاریخی اور ثقافتی خزانوں کو ماحولیاتی دباؤ یا وسائل کی کمی کے خطرے میں محفوظ رکھتا ہے۔

اے ایف سی پی نے 133 ممالک میں ایک ہزار  سے زائد منصوبوں کی مالی معاونت کی ہے، جن میں پاکستان بھر میں ثقافتی تحفظ کے 32 منصوبے شامل ہیں جن کی کل فنڈنگ  7.6 ملین ڈالر ہے۔ پاکستان میں بحال شدہ مقامات میں بدھ خانقاہیں، ہندو یادگاریں، صوفی مزارات اور مغلیہ سلطنت کے آثار شامل ہیں۔ سفیر بلوم نے بحالی کی کوششوں پر آغا خان کلچرل سروس پاکستان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

لاہور قلعہ کے سات مقامات کا دورہ کرتے ہوئے سفیر نے پاکستان کے ثقافتی ورثے کا احترام کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے ثقافتی تحفظ کے لیے امریکہ اور پاکستان کے مشترکہ عزم کا ثبوت ہیں۔ امریکہ اور پاکستان نے حال ہی میں دوطرفہ تعلقات کے 75 سال کا جشن منایا اور مشترکہ اہداف، عوام سے عوام کے تبادلے اور باہمی تعلقات پر مبنی شراکت داری کا اشتراک کیا۔ سفیر بلوم نے لاہور میوزیم کا بھی دورہ کیا جو پاکستان کے ثقافتی اور تاریخی نمونوں کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں