قاسم علی شاہ کی تعیناتی کالعدم قرار دینے کیلئے فوری حکم امتناع کی استدعا مسترد

لاہور ہائیکورٹ نے قاسم علی شاہ کی بطور چیئرمین لاہور آرٹس کونسل تعیناتی کالعدم قرار دینے کیلئے فوری حکم امتناع کی استدعا مسترد کر دی۔

نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق قاسم علی شاہ کو الحمراء آرٹس کونسل کے بورڈ آف گورنر کا چئیرپرسن تعینات کرنے کے خلاف سماعت ہوئی۔ جسٹس شجاعت علی نے ردا نور ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے فوری حکم امتناع کی استدعا مسترد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شجاعت علی خان نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بھی آئندہ سماعت پر پیش ہو کر عدالت کی معاونت کریں۔

 درخواست شہری محمد علی کی جانب سے دائر کی گئی ہے درخواست میں ان کا مؤقف ہے کہ نگراں حکومت نے قاسم علی شاہ کو تین برس کے لیے الحمرا آرٹ کونسل کا چیئرپرسن تعینات کیا ہے۔ درخواست میں نگراں وزیراعلی پنجاب سمیت بورڈ کے دیگر ممبران کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعلی نے من پسند افراد کو نوازنے کے لیے تعیناتی کیں۔ نگراں وزیراعلی کو ایسی تعیناتی کا کوئی اختیار نہیں ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ قاسم علی شاہ سمیت ممبر بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی کالعدم قرار دی جائیں اور نگراں وزیر اعلی کو دائرہ اختیار سے باہر نکل کر تعیناتیاں کرنے سے روکا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں