پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں کینٹینوں کی چیکنگ مہم،کیا کیا کچھ سامنے آ گیا ؟ 

 پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں قائم کینٹینوں کی چیکنگ مہم شروع کی گئی۔مہم کے دوران صوبے بھر میں 272ہسپتال کینٹینوں کی چیکنگ کی گئی،ناقص انتظامات پر 48کو جرمانہ، 211کو وارننگ نوٹس جاری کر دیئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے بتایا کہ لاہور زون میں 125، راولپنڈی 86،ملتان اورمظفر گڑھ زون میں 61 ہسپتال کینٹینوں کو چیک کیا گیا،189لیٹر ناقص ڈرنکس،65 لیٹر غیر معیاری دودھ اور 16 کلو فوڈ پروڈکٹس تلف، ملاوٹی دودھ کے استعمال اور ناقص ڈرنکس کی موجودگی پرکارروائیاں کی گئیں۔استعمال شدہ آئل اور فنگس زدہ پکوڑیاں بھی موجود پائی گئیں۔صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات اور ملازمین کے میڈیکلز بھی عدم موجود پائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے کینٹینز کی چیکنگ کا عمل مسلسل جاری رکھا جاتا ہے، علاج کی خاطر ہسپتالوں میں آنے والوں کو مضر صحت اشیائے خورونوش کی فراہمی کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ناقص اشیائے خورونوش کا استعمال متعدد بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ہمار ا مشن محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنا کر غذائی بیماریوں کا خاتمہ کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں