آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں ایک 42 سالہ خاتون پر آلو کے چپس پر جھگڑے کے بعد اپنے بوائے فرینڈ پر کار چڑھانے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ خاتون کے بوائے فرینڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اپنی پارٹنر کی ایک چپس کھالی جس پر اس نے مجھے کار سے کچلنے کی کوشش کی۔ میتھیو فن نے یہ چونکا دینے والا دعویٰ ایڈیلیڈ مجسٹریٹ کورٹ میں اپنی ساتھی شارلٹ ہیریسن کے خلاف کیا۔
9 نیوز کے مطابق فن نے عدالت کو بتایا کہ اس نے مس ہیریسن کے چکن اور سلاد کے پیک سے چپس مانگنے کی غلطی اس وقت کی جب وہ 26 فروری کو ایک ساتھ کار میں تھے۔ ’میں نے سوچا کہ شارلٹ کا پیٹ بھرچکا ہے اس لیے میں نے اس سے ایک چپس مانگی تو اس نے مجھے کار سے باہر نکلنے کو کہا۔‘
دوسری جانب شارلٹ ہیریسن نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ واقعہ محض ایک حادثہ تھا۔ اس نے مجسٹریٹ کی عدالت کو بتایا کہ وہ میتھیو فن کو ہسپتال لے جا رہی تھی کہ اسی دوران راستے میں اس نے مجھ پر حملہ کیا جس پر میں نے اسے گاڑی سے باہر نکلنے کو کہا، جب وہ گاڑی سے باہر نکلا تو اسے احساس ہوا کہ میری گاڑی اس کی طرف بڑھ رہی ہے۔
ضمانت کی سماعت کے دوران شارلٹ ہیریسن پر زندگی کو خطرے میں ڈالنے اور لاپرواہی یا خطرناک انداز میں گاڑی چلانے کا الزام عائد کیا گیا۔ اب اسے جمعہ تک گھر میں نظربندی کے حکم کا سامنا ہے۔ وہ جمعہ کو عدالت میں یہ جاننے کے لیے واپس آئیں گی کہ آیا ان کی ضمانت کی درخواست کامیاب ہوئی ہے۔